قومی کرکٹر حیدر علی مانچسٹر میں گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا

پاکستانی کرکٹر حیدر علی کو حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران مانچسٹر میں گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے، تاہم وہ اب بھی سفری پابندیوں کا سامنا کررہے ہیں جبکہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

قومی کرکٹر پر خاتون سے مبینہ زیادتی کا الزام ہے، انگلینڈ کی پولیس نے کرکٹر کو 2 ہفتے بعد دوبارہ طلب کرلیا ہے، اس دوران ان پر برطانیہ چھوڑنے پر پابندی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 سالہ حیدر علی جو پاکستان کی جانب سے 35 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، کو تین دن حراست میں رکھا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حیدر علی کو عبوری طور پر معطل کردیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کو گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے حیدر علی کے خلاف جاری فوجداری تحقیقات کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ یہ تحقیقات حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے سے متعلق ہیں۔پی سی بی نے مزید کہا کہ بورڈ نے کھلاڑی کے قانونی حقوق کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں۔

’پی سی بی اپنی ذمہ داری کے تحت تمام کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور قانونی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے، اور اسی سلسلے میں حیدر علی کو مناسب قانونی معاونت فراہم کی گئی ہے۔‘بیان میں مزید کہا گیا کہ پی سی بی برطانیہ کے قانونی نظام اور تفتیشی عمل کا مکمل احترام کرتا ہے اور اس کی شفاف تکمیل کو ضروری سمجھتا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر سی ٹی وی نیوز کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے