وزیراعظم انوار الحق کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا 29واں اجلاس، یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منانے کا اعلان
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا 29واں اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزراء کرام، چیف سیکرٹری خوشحال خان، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان اور سیکرٹریز حکومت نے شرکت کی۔
اجلاس میں کابینہ کے 27ویں اور 28ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس عبدالجبار خان نے آزادکشمیر میں امن وامان کے حوالہ سے کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ کابینہ اجلاس میں 11 ایجنڈا آئٹمز زیر غور لائے گئے۔
کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا ۔ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کے لیے تیاریاں مکمل ہیں ۔ تحریک تکمیل پاکستان کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی بین الاقوامی فورمز پر بھرپور وکالت کی ہے ۔
عوام کے جان و مال کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ گورننس سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے ، خدمت مشن ہے ، بچت سکیمیں اور کفایت شعاری اولین ترجیح ہے ، حق داروں کے حقوق کے لیے سوشل پروٹیکشن فنڈ انقلابی اقدام، جب تک مالک نے قلم کا اختیار دے رکھا ہے خدمت کرتا رہوں گا ۔ معیار تعلیم کو ترجیح بنانا ہے ، انھوں نے کہا کہ کوٹہ کی بنیاد پر تمام تعلیمی اداروں میں فیکلٹی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں ۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ ریشنلائزیشن کو فوکیت دی جائے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ پاک فوج کی وطن کے دفاع کے لیے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی فلاح کے لیے ڈیڈ ترقیاتی پرواجیکٹس کو رواں کیا ہے ۔ عوام کی فلاح کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے جائیں گے ۔ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے سے ریونیو میں اضافہ ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ سستا آٹا اور بجلی پر سبسڈی سے حکومت نے شہریوں کو بڑا ریلیف فراہم کیا ہے ۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر سی ٹی وی نیوز کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں