وزیراعظم ای سی او اجلاس کےلئے 3 جولائی کو آذربائیجان جائیں گے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 3 جولائی کو آذربائیجان کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی شریک ہوگا۔

ذرائع کے مطابق، وزیراعظم کے اس اہم دورے کے دوران آذربائیجان کی اعلیٰ قیادت سمیت اقتصادی تعاون تنظیم کے دیگر رکن ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں طے ہیں۔ ملاقاتوں میں باہمی تعاون، اقتصادی روابط، توانائی، تجارت، علاقائی استحکام اور سفارتی شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

یہ دورہ سفارتی و تجارتی لحاظ سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب حالیہ برسوں کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ مشاورت بھی طے پا گئی ہے، جس کے تحت وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات آذربائیجان میں ہی شیڈول کی گئی ہے۔ یہ ملاقات خطے میں باہمی تعلقات اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے تناظر میں اہم سمجھی جا رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ نہ صرف علاقائی سفارتی روابط کو تقویت دے گا بلکہ پاکستان کے اقتصادی مفادات کو بھی فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر سی ٹی وی نیوز کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے