پی ٹی آئی احتجاج کے لیے تیار، مگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ماضی کے تجربات سے محتاط رہنے کے حامی
پشاور:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے تحریک انصاف کے منتخب ممبران اسمبلی اور سینیٹ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے ممکنہ احتجاج کی تیاری کریں اور ہر منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی منتخب اراکین کے ساتھ مشاورت میں مصروف رہے جہاں عمران خان کی رہائی کے لیے مختلف منصوبوں پر غور کیا گیا۔باخبر ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی اجلاس میں سہیل آفریدی نے اراکین کو واضح طور پر بتا دیا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کی تیاری شروع کر دیں اور کارکنوں کو ممکنہ احتجاج کے لیے متحرک کریں۔
ذرائع نے کہا کہ جو اراکین اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران عمران خان کی بہنوں کے ساتھ اظہار حمایت کے لیے نہیں آئیں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ساتھ ہی ہدایت کی گئی کہ تمام اراکین اپنے حلقوں میں ورکرز کو فعال کریں اور کارنر میٹنگز منعقد کریں۔
ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے کارکنان کو منگل کے روز صوابی میں جمع ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں سے اراکین اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے قافلے کی صورت میں روانہ ہوں گے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس اور اندرونی حالات سے باخبر ایک پارٹی رہنما نے بتایا کہ اس وقت پارٹی کے اندر بھی خاصی بےچینی ہے اور سہیل آفریدی پر شدید دباؤ موجود ہے۔ان کے مطابق کچھ رہنما اور کارکن چاہتے ہیں کہ عمران خان کی رہائی کے لیے ملک گیر احتجاج کیا جائے اور احتجاج میں پیشرفت نہ ہونے پر سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
رہنما نے کہا کہ اس وقت سہیل آفریدی شدید دباؤ میں ہیں کیوں کہ عمران خان سے ملاقات نہیں ہو رہی اور جذباتی ورکرز سڑکوں پر آنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ سہیل آفریدی احتجاجی سیاست کے ماہر سمجھے جاتے ہیں اور جذباتی ورکرز کی امیدیں بھی انہی سے وابستہ ہیں۔ تاہم وزیراعلیٰ کو حکومت بھی چلانی ہے اور اہم این ایف سی میٹنگ میں بھی شرکت کرنی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی احتجاج کے حق میں ہیں اور 7 دسمبر کے جلسے کا اعلان بھی ورکرز کو یہ بتانے کی کوشش ہے کہ احتجاج جاری ہے۔ان کے مطابق سہیل آفریدی نے اراکین کو واضح ہدایت کی کہ احتجاج پرامن رکھیں۔رہنما کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کا مؤقف ہے کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے احتجاج کے اثرات سے اب تک پی ٹی آئی نہیں نکل سکی اور وہ نہیں چاہتے کہ دوبارہ ایسا احتجاج ہو جس سے مخالفین کو کارروائی کا موقع ملے۔
ترجمان خیبر پختونخوا حکومت شفیع اللہ جان کے مطابق پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے مسلسل احتجاج کر رہی ہے اور سہیل آفریدی اس تحریک کے فرنٹ پر ہیں۔ سہیل آفریدی نے رات اڈیالہ جیل کے سامنے گزاری اور ہر منگل کو منتخب اراکین کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر مبینہ تاخیر کے خلاف احتجاج اور اہلخانہ کے ساتھ مارچ کا فیصلہ بھی انہی کا ہے۔انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کر رہے ہیں اور تمام عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔
شفیع اللہ جان کہتے ہیں کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بھی اس حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی اور ہر منگل کے احتجاج میں منتخب اراکین کی لازمی شرکت کی واضح ہدایت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج پُرامن ہے اور ہم قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر سی ٹی وی نیوز کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں