ایرانی صدر کاپاکستان میں پرتپاک خیرمقدم ،وزیر اعظم اور وزراء نے استقبال کیا
ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اپنے پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ وہ ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ لاہور آئے، جہاں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا پُرتپاک خیرمقدم کیا۔ اب وہ لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایرانی صدر کا استقبال کیا، جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اس سے قبل لاہور میں ایرانی صدر کے استقبال کے لیے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ ہوائی اڈے کو پاکستان اور ایران کے قومی پرچموں سے خوبصورتی سے آراستہ کیا گیا تھا اور ریڈ کارپٹ استقبال بھی کیا گیا۔
بعد ازاں صدر مسعود پزشکیان مزار اقبال پر پہنچے۔ انہوں نے شاعر مشرق کی قبر پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا، اور مہمانوں کے کتاب پر تاثرات بھی قلمبند کیے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر سی ٹی وی نیوز کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں